جمعہ 28 اگست 2020 - 22:16
محرم ظالم کے خلاف قیام اور مظلوم کا ساتھ دینے کا درس دیتا ہے،علماء پاکستان

حوزہ/علمائے کرام کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے عقائد کو نشانہ بنانے کا مقصد اسلام دشمن قوتوں کو تقویت پہنجانا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان بھر میں مجاس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔  آٹھویں محرم الحرام کی مجالس میں مولانا حسن ظفر، علامہ شہنشاہ نقوی، علامہ سید وحید عباس کاظمی ،علامہ جواد نقوی اور دیگر علمائے کرام اور ذاکرین نے کہا کہ محرم ظالم کے خلاف قیام اور مظلوم کا ساتھ دینے کا درس دیتا ہے۔

حضرت امام حسین علیہ السلام نے کربلا میں عظیم قربانی پیش کرکے قیامت تک یہ درس دیا ہے کہ ظالم چاہے کوئی بھی ہو اس کے خلاف قیام کرنا اور مظلوم  کا ساتھ دینا اصل اسلام ہے۔ انہوں نے اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تفرقہ بازی اور انتشار کو شکست دینے کے لیے باہمی احترام اور برداشت کی پالیسی انتہائی ضروری ہے اس لئے کہ ایک دوسرے کے عقائد کو نشانہ بنانے کا مقصد اسلام دشمن قوتوں کو تقویت پہنچانا ہے، تمام عزاداران حضرت امام حسین علیہ السلام کو چاہئیے کہ حسینی عزادار ہونے کے ناطے حکومت کی جانب سے جاری ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ مجالس اور جلوس میں ماسک کا استعمال کیا جائے۔

دوسری جانب پاکستان میں سات محرم الحرام کی مناسبت سے علم اور تعزیوں کا ماتمی جلوس نکالے گئے جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہوں اور مساجد میں  پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے۔ ماتمی جلوسوں کے موقع پہ سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha